ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ’ہندو غدار نہیں ہو سکتے‘والے بیان پر اویسی نے کہا :گوڈسے کے بارے میں کیا کہیں گے بھاگوت ؟

’ہندو غدار نہیں ہو سکتے‘والے بیان پر اویسی نے کہا :گوڈسے کے بارے میں کیا کہیں گے بھاگوت ؟

Sat, 02 Jan 2021 19:24:53  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،2؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے دہلی میں ایک کتاب جاری کرتے ہوئے ایک بات کہی، جس کے بعد اپوزیشن کے رہنما بھاگوت پر حملہ آور ہیں۔

کتاب کی ریلیز کے دوران بھاگوت نے کہا تھا کہ اگر کوئی ہندو ہے تو وہ محب وطن ہو گا، کیوں کہ یہ ہمارے مذہب کا بنیادی مرکز ہے اور یہ بھی ہندوؤں کی فطرت ہے۔ بھاگوت نے مزید کہا تھا کہ چاہے حالات کچھ بھی ہوں لیکن ہندو کبھی غدار نہیں ہوسکتا۔

اویسی نے بھاگوت کی مذہبی بنیادوں پر حب الوطنی پر جوابی حملہ کیا  ہے۔اویسی نے کہا کہ کیا بھاگوت جواب دیں گے، وہ باپو کے قاتل گوڈسے کے بارے میں کیا کہیں گے؟ نیلی قتل عام  (آسام) کے لیے ذمہ دار شخص کے بارے میں کیا کہیں گے؟ 1984 کے سکھ مخالف فسادات اور 2002 کے گجرات فسادات کے بارے میں کیا کہیں گے؟اویسی نے مزید کہاکہ یہ خیال کرنا منطقی ہے کہ بیشتر ہندوستانی اپنے مذہب سے قطع نظر محب وطن ہیں۔

لیکن یہ صرف آر ایس ایس کے آئیڈیالوجی میں ہے کہ صرف ایک مذہب کے پیروکاروں کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے کو یہ ثابت کرنے کے لئے اپنی زندگی گزارنی پڑتی ہے کہ انہیں بھی یہاں رہنے کا حق حاصل ہے اور وہ خود کوہندوستانی کہہ سکتے ہیں۔


Share: